پاکستان
28 ستمبر ، 2014

وزیراعظم کی تضحیک کی تو عمران کیخلاف بھی نعرے لگ سکتے ہیں،رانا ثنا

وزیراعظم کی تضحیک کی تو عمران کیخلاف بھی نعرے لگ سکتے ہیں،رانا ثنا

فیصل آباد...... سابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ منتخب وزیر اعظم کی تضحیک کرنے والے عمران خان کے جلسے میں پاگل عمران خان نعرے لگوائے جا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے، عمران خان کو بطور قومی لیڈر عزت دینا چاہتے ہیں۔ فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مڈ ٹرم کا مطالبہ غیر ائینی نہیں ہے لیکن یہ وقت ملکر ملک کو درپیش چیلنجز سے نبٹنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک کے خلاف سازش کا مہرہ بنے ہوئے ہیں، لیکن پاکستان مسلم لیگ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ہر سازش کا ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نےکہا کہ اسلام آباد میں عمران خان دھر نے نہیں میوزیکل نائٹ کرتے ہیں جبکہ طاہر القادری دھرنا دے رہے ہیں، دھرنے کے شرکا کی تعداد بھی کم ہوتی جا رہی ہے، جن سے حکومت بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے جلسے مقبولیت کی علامت نہیں ہیں، ماضی میں کئی جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے کئے ہیں، یہ وقت جلسے کرنے کا نہیں ہے، عمران خان کے جلسے اس وقت فوج کی جانب سے دہشت گروں کے خلاف جاری ضرب عضب میں کیا کردار ادا کر رہے ہیں، یہ جلسے صرف جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے ہیں، آج ملک میں سر جوڑ کر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم عمران خان کی تضحیک نہیں کرنا چاہتے لیکن اگر منتخب وزیر اعظم کی تضحیک کی جائے گی تو ہم چاہیں تو مینار پاکستان کے جلسے میں پاگل عمران خان کے نعرے لگ سکتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :