01 اکتوبر ، 2014
مردان .......مردان میں کنویں میں زکوٰۃکارڈ تلاش کرنے والے باپ بیٹا دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ غریب گھرانے میں موت نے دستک دی تو کفن دفن کے انتظامات بھی مشکل ہوگئے۔ بنیادی ضرورتوں کے لئے زکوٰۃ کارڈ تلاش کرنے کی کوشش نے غربت اور بھوک کا شکار باپ بیٹے کی جان لے لی۔قلندر شاہ چھوٹی سی پرائی زمین پر کھیتی باڑی کر کے مشکل سے اپنے گھر والوں کا پیٹ پال رہا تھا۔پچھلے سال ایک صاحب ثروت شخص نے قلندر شا ہ کی کچھ امدا د کی اور ایک کارڈ دے کر کہا کہ اگلے سال یہ کارڈ دکھانے پر ایک ہزار روپے کی زکوٰۃ ملے گی۔کارڈ گھر میں کہیں گم ہوگیا جس کی تلاش کے لئے اس نے اپنے 12سالہ بیٹے کو خشک کنویں میں کچرے کے ڈھیر میں کارڈ تلاش کرنے کے لئے اتارا، لیکن بیٹا زہریلی گیس سے بے ہوش ہو گیا، یہ دیکھ کر قلندر شاہ اسے بچانے کے لئے خود بھی کنویں میں کود گیا، لیکن دونوں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیواہلکاروں اورپڑوسیوں نے لاشیں نکالیں توغریب گھرانے کے لئے کفن دفن کا انتظام بھی مشکل ہوگیا۔جس کے بعد پڑوسیوں نے چندہ کرکے تدفین کے انتظامات کئے۔متوفی نے بیوہ اورچاربچے سوگوار چھوڑے ہیں،جو گھر کے واحد کفیل کے اچانک رخصت ہوجانے پر اُن کی جدائی کا غم سہنے کے ساتھ ساتھ آئندہ زندگی کے بارے میں بھی پریشان ہیں۔