پاکستان
08 اکتوبر ، 2014

نئے انتظامی یونٹس کا قیام ازحد ضروری ہے، جنید فہمی

نئے انتظامی یونٹس کا قیام ازحد ضروری ہے، جنید فہمی

شکاگو....... پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے پیش کردہ تجاویز کے مطابق پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام اب لازم ہے کیونکہ سوال اب پاکستان کی ترقی کا نہیں بلکہ اس کی بقاء کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے شکا گو چیپٹر کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان" پاکستان بچائو۔ نئے انتظامی یونٹس بنائو" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنید فہمی نے پاکستان میںموجودہ صوبوں پر بڑھتے ہوئے آبادی کے دبائو اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات اعداد وشمار کے سا تھ پیش کئے جن کی وجہ سے ملک میں لسانیت اور عصبیت فروغ پا رہی ہے اور پاکستانی عوام میں پاکستان سے بے گانکی کا احساس بڑھتا جا رہا ہے، پاکستان کی بقاء و ترقی کیلئے نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہی نہیں بلکہ کروڑوں استحصال ذدہ عوام کا دیرینہ مطالبہ بھی ہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکہ میں رہ کر بھی خود کو پاکستان سے منسلک اور عوام کا بھر پور درد محسوس کرتے ہیں ۔ آج کے سیمینار میں شرکا کی کثیر تعداد اس کا واضح اظہار ہے کہ وہ روزمرّہ کی بے پناہ مصروفیات کے باوجود اپنے ملک کے سیاسی و اجتماعی مفادومعاملات سے واقف و آگاہ رہنا چاہتے ہیں۔ جس کے لئے ایم کیو ایم امریکہ اس موضوع پر امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی مزید مکالموں اور مذاکروں کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے۔سیمینار میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر ظفر بخاری ،سابق رکن سندھ اسمبلی سہیل یوسف ، سیکریٹری آل پاکستان مسلم لیگ الی نوائے، سید ایاز علی،شکاگو کی معروف سماجی شخصیت حمید اللہ خان ،کالم نگار احتشام الدّین ارشد ، صحافی جاوید ریاض نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور اسکی ضرورت کے حوالے سے اپنے مقالے پیش کیے۔قبل ازیں ایم کیو ایم امریکہ کی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن شمیم صدیقی نے سیمینار کے موضوع کی غرض وغایت پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین کا تعارف کرایا جبکہ ایم کیو ایم شکاگو چیپٹر کے الطاف علی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئے۔ سیمینار کے اختتام پر سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں قراداد پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ حق اور سچ کی جدوجہد میں حق پرستوں شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کے ساتھ ہر قسم کی قربانیاں دیں۔ اس موقع پر شہدائے ایم کیو ایم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔

مزید خبریں :