09 اکتوبر ، 2014
کراچی........مہاجر رابطہ کونسل پاکستان کے جنر ل سیکریٹری ارشد صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ میں مہاجروں کے لئے علیحدہ صوبے کے قیام سے خوفزدہ طاقتیں مختلف ہتھکنڈوں اور سازشوں کے ذریعے مہاجروں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن پاکستان کی تاریخ شاہد ہے کہ مہاجروں نے ہمیشہ جس مقصد کے حصول کے لئے کمر باندھی ہے انہیں دنیا کی کوئی طاقت اس مقصد کو حاصل کرنے سے نہیں روک سکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہاجر رابطہ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام لانڈھی میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ارشد صدیقی نے کہا کہ پاکستان پر گزشتہ67برسوں سے کالے انگریزوں کا قبضہ ہے جو ملک میں مساوی حقوق کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور اسی ذہنیت نے ملک کے پہلے وزیر اعظم نواب لیاقت علی خان کو شہید کرواکر مہاجروں کے خلا ف باقاعدہ جنگ کا آغاز کردیا تھا، جو آج تک کسی نا کسی شکل میں جاری ہے۔انہوں نے عید ملن پارٹی کے بزرگ شرکا ء سے کہا کہ وہ اپنے محلوں ، علاقوں میں مہاجر نوجوانوں کو اپنی تاریخ سے آگہی فراہم کریں ،اور مہاجرصوبے کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور قوم کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار کریں تاکہ ہم جلد اپنے مقصد کو حاصل کرکے اپنی آئندہ نسلوںکے لئے خوشحالی و استحکام کی بنیاد رکھنے میں کامیاب ہوجائیں ۔