11 اکتوبر ، 2014
ملتان.........جیو نیوز نے قاسم باغ اسٹیڈیم پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی کے درمیان طے پانے والے تحریری معاہدے کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ تحریک انصاف ملتان کے صدر اعجاز جنجوعہ کی درخواست پر 8 اکتوبر کو ڈی سی او ملتان کی جانب سے پی ٹی آئی کوجلسہ کرنے کا اجازت نامہ جاری ہوا اور تحریری معاہدہ بھی ہوا جس میں 27 شقیں شامل تھیں۔ شق نمبر 17میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ منتظمین ہی جلسے کے اختتام پر ورکرز اور شرکاء کے پُرامن طور پر منتشر ہونے اور انہیں مقررہ مقامات تک پہنچانے کے ذمے دار ہوں گے۔ معاہدے کی شق نمبر18 کے تحت درخواست گزار عوام کو اسٹیج سے 80فٹ دوررکھنے کاپابند ہوگا، لیکن لوگوں کی بڑی تعداد اسٹیج کے بالکل قریب پہنچ گئی اور وہاں رش کی وجہ سے مخدوم شاہ محمود قریشی اور عمران خان کی تقاریر کے درمیان کئی شرکاء بے ہوش بھی ہوئے۔ شق نمبر 24کے مطابق منتظمین کو 12گھنٹے پہلے اسٹیج پر آنے والے لوگوں کی فہرست انتظامیہ کو فراہم کرنا تھی لیکن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں ایسی کوئی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔