پاکستان
12 اکتوبر ، 2014

صوبے کے بغیر کسی نعرے سے مرعوب نہیں ہونگے، ایم آر سی

کراچی......مہاجر رابطہ کونسل پاکستان کے صدر یعقوب بندھانی او ر جنرل سیکریٹری ارشد صدیقی نے کہا ہے کہ مہاجر صوبے کی مخالفت میں سرگرم سیاسی جماعتیں کراچی میں جلسے کرکے دنیا کو مہاجرو ں کی حمایت کا یقین دلانا چاہتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ مہاجر سند ھ میں علیحدہ صوبے کے قیام کے بغیر کسی سیاسی و مذہبی نعرے سے مرعوب نہیں ہونگے۔ یہ بات انہوں نے مہاجر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام لیاقت آباد ، ملیر اور شاہ فیصل میں علیحدہ علیحدہ منعقدہ عید ملن پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایم آر سی کے مرکزی ارکان ، نوجوانوں، خواتین، بزرگوں سمیت مہاجر قلمکاروں ، شعراء اور دانشوروں کی بڑی تعداد موجودتھے ۔ یعقوب بندھانی او ر ارشد صدیقی نے کہا کہ آ ج تک کسی حکمران جماعت نے مہاجروں پر ہونے والے ظلم و ستم اور ان کے ساتھ نا انصافیوں پر آواز بلند کی نہ ہی اس کی تحقیقات کرکے ملوث عناصر اور اداروں کو سزا دی گئی لیکن آج یہی سیاسی جماعتیں ملک کے دیگر حصوں سے لوگوں کو جمع کرکے مہاجر وں کے شہر کراچی میں بڑے بڑے جلسے کرکے یہ تاثر دینے کی کوششیں کر رہی ہیں کہ جیسے ان جماعتو ں کو مہاجروں کی واضح حمایت حاصل ہو ،جو کہ سوائے خوش فہمی کے اور کچھ نہیں ، آزادی کے بعد سے1972ء میں لسانی بل کی منظوری ، 1986ء،1988ء اور 92ء میں مہاجروں کی نسل کشی سمیت مختلف ادوار میں فوجی آمروں ، سیاسی و مذہبی حکومتوں اور پوشیدہ طاقتوں نے مہاجروں کا قتل عام کیا اور انہیں سماجی و معاشی طور سے کمزور کیا لیکن 67برس بیت جانے کے باوجود ہمیں انصاف فراہم نہیں کیا گیااور آ ج ایک مرتبہ پھر مہاجروںکی جانب سے صوبے کے مطالبے کے جواب میں مختلف ہتھکنڈوں سے اس آئینی مطالبے کو دبانے اور ہمیں اپنے حق کے حصول سے پیچھے دھکیلنے کے لئے سازشیں کی جارہی ہیں،انھوں نے شرکا بالخصوص نوجوانوںسے کہا کہ آپ خود کو مہاجر تاریخ سے روشناس کرکے اپنے دفاتر ، گلی ، محلوں ، دوست احباب میں مہاجر صوبے کا پیغام عام کریں اور انہیں اس کی ضرورت سے آگاہ کرنے میں اپنا کلیدی کردار اداکریں۔

مزید خبریں :