24 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ… مقبوضہ کشمیر میں آج صبح برفانی تودے کی زد میں ایک سنیئربھارتی فوجی افسر ہلاک اور سات لاپتہ ہو گئے ، واقعہ سری نگر سے140کلو میٹر(87میل) دور کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ پیش آیا،لاپتہ فوجی جوانوں کی تلاش کیلئے ائیر فورس کی ٹیم حصہ لے رہی ہے ، فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے زندہ یا مردہ ہونے کے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودے سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 7 لاپتہ ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کو ایک فوجی ترجما ن نے بتایا کہ آج صبح ایک فوج گشتی ٹیم برفانی تودے کی زد کا شکار ہوئی ۔ ایک سینئر افسر کی لاش کو برآمد کیا گیا ہے ، لاپتہ فوجیوں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرکیان گلی کے پیٹرولنگ راستے سے برف کو صاف کرنے کیلئے فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم کام کر رہی تھی جیسے فوجی جوان آج صبح پہاڑی علاقے کو صاف کرنے میں مصروف تھے کہ برفانی تودوں میں پھنس گئے۔ ترجمان کے مطابق فوجیوں کی تلاش کے لئے ائیر فورس کی اسپیشل ٹیم کی بھی مدد لی جارہی ہے۔رواں برس کشمیرشدید برفباری کا شکار ہے اور درجہ حرارت منفی 20C تک گر گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق سری نگر میں بھارتی فوجی ترجمان جے ایس برار کا کہنا ہے کہ ہم ان لاپتہ فوجیوں کے زندہ یا مردہ ہونے کے متعلق کچھ بتا نہیں سکتے۔ واقعہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ پیش آیا، سرکاری اعدادشمار کے مطابق اس علاقے میں دو دہائیوں میں47ہزار افراد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔