22 اکتوبر ، 2014
دبئی......دبئی ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے مہمان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف4وکٹ پر219رنز بنائے،جب کھیل ختم ہوا تو اسد شفیق9اور مصباح الحق34رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔دبئی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کی خاص بات یونس خان کی ریکارڈ ساز سنچری اننگز تھی وہ 106رنز بنا کر جانسن کا شکار ہو گئے ،ان کی اننگز میں10چوکے اورایک شاندار چھکا شامل تھا ۔یونس خان نے دبئی اسٹیڈیم کے چاروں طرف شاندار شارٹس کھیلےاور آسٹریلوی بولرز پر ہاوی نظر آئے ،یونس خان نے نہ صرف اپنی سنچری اسکور کی وہیں پاکستان کا اسکور بھی آسٹریلیا کے خلاف مستحکم کردیا۔اس سے قبل پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ابتدائی دو وکٹیں تیس رنز پر گرگئیں ،محمد حفیظ بغیر کوئی ر ن بنائے آؤٹ ہوئے،جبکہ احمدشہزادبھی تین رنز بنا کر ڈریسنگ روم لوٹ گئے ،جس کے بعد اظہر علی اور یونس خان نے میدان میں رنگ جمانا شروع کیا،اظہر علی 53 رنز بنا کر مچل جانسن کا شکار بنے، پھر یونس خان کے بلے نے جادوگری دکھانا شروع کی اورگراؤنڈ کے چاروں جانب کھل کر شاٹس کھیلے،یونس خان نے پاکستان کی جانب سے انضمام الحق کا سب سےزیادہ سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ،وہ تمام ممالک کے خلاف سینچری بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے ۔