پاکستان
23 اکتوبر ، 2014

ہزارہ برادری کے قتل کی مذمت: تحفظ فراہم کیاجائے ، الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ میں ہزارہ گنجی میں دہشت گردوں کی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 8افراد کے بہیمانہ قتل اور متعدد کو زخمی کرنے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بہیمانہ قتل کی اس واردات کو محرم الحرام سے قبل فرقہ وارانہ ہم آہنگی سبوتاژ کرنے کی گھنائونی سازش کا حصہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہزارہ گنجی میں بس پر فائرنگ کرکے بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد درندہ صفت ہیں اور مسلم امہ کے مسالک کے درمیان نفرتیں اور دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع افراد کا بیدردی سے قتل کیاجاتا رہا ہے اور ان قتل و غارتگری کی کارروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گرد وں کا قانون کی گرفت سے محفوظ رہنا ملک بھر کے پرامن اور محب وطن عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارسوگوار لواحقین اور ہزارہ برادری سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطاکرے۔الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ ہزارہ گنجی میں بس پر فائرنگ کرکے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع افراد کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ، محرم الحرام سے قبل فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے مثبت اور عملی اقدامات کئے جائیں ، اہل تشیع ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کیاجائے اور فرقہ واریت میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید خبریں :