03 مارچ ، 2025
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر اپنے گارڈز کے ساتھ ملکر شہری پر تشدد کرنے کے واقعے کے مرکزی ملزم شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو خط لکھ دیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے شاہ زین مری کی گرفتاری کیلیے آئی جی سندھ کو لکھے خط میں کہا ہے کہ شاہ زین مری کی گرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا جائے۔
ڈی آئی جی نے خط میں بتایا کہ شاہ زین مری نے گارڈز کے ساتھ مل کر 19 فروری کو شہری پر تشدد کیا، شاہ زین مری کے 5 گارڈز گرفتار کیے ہیں، واقعے کے بعد شاہ زین مری بلوچستان فرار ہو گیا تھا۔
آئی جی سندھ کو لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ شاہ زین مری کا آبائی تعلق کوہلو سے ہے، بلوچستان حکومت شاہ زین مری کی گرفتاری کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب ذرائع بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس نے تاحال شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔