23 اکتوبر ، 2014
کراچی.........مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل ، ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں مسافر بس پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کی شہادت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیاہے اور اس سانحہ میں عالمی استعماری قوتوں امریکہ، اسرائیل سمیت بھارتی بدنام زمانہ را کے ایجنٹوں کی کاروائی قرار دیتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں، کوئٹہ بس پر فائرنگ کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،انھوں نے افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیرستان میں جاری ضرب عضب آپریشن کی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بالخصوص کراچی ، پشاور اور کوئٹہ میں موجود خطرناک ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد گروہوں کے خلاف بھی فوجی آپریشن کو وسیع کیا جائے اور پاکستان میں بسنے والوں کی جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نےکہا کہ ملک دشمن دہشت گرد عناصر محرم الحرام کی آمد سے قبل کراچی ، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے اہم شہروںمیں دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دے کر ملک میں فرقہ واقریت اور انارکی پھیلانا چاہتے ہیں ،اورپاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور پاکستان میں عالمی سامراج امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں، انہوںنے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ملت جعفریہ کے عمائدین کا قتل عام نہ رکا اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں نہ لائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔