23 اکتوبر ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسہ عام کے موقع پرجے یوآئی کے امیرمولانافضل الرحمن کی گاڑی پر ہونیوالے خودکش حملے کی شدیدمذمت کی ہے اوراس دھماکے کے نتیجے میں جے یوآئی کے کئی کارکنوںکے شہیدوزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے اور اس خودکش حملے میںمولانافضل الرحمن کے محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کاشکراداکیاہے۔اپنے بیان میںانھوں نے کہاکہ دہشت گرد عناصر نے خودکش حملوں،بم دھماکوں اورتخریبی کارروائیوں کی شکل میں پاکستان پر ایک غیراعلانیہ جنگ مسلط کررکھی ہے جس کے دوران سیاسی قائدین، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اوردیگراکابرین کو چن چن کرشہیدکیاجارہاہے ، پولیس، رینجرز، ایف سی اورمسلح افواج اوران کے مراکزکونشانہ بنایا جارہا ہے۔بڑے پیمانے پر ہونیوالی دہشت گردی اس امرکاتقاضہ کرتی ہے کہ پوری قوم متحدہوجائے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف مسلح افواج کی ہرطرح سے حمایت کرے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم اس واقعہ پر مولانافضل الرحمن اورانکے تمام عقیدت مندوں،جے یوآئی کے تمام قائدین اورکارکنوںسے مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہارکرتے ہیں ۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کوشہادت کادرجہ عطاکرے ، لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے اورزخمیوں کوجلدصحت یاب کرے۔ انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ دہشت گردی کے ذریعے معصوم شہریوں کوخون میں نہلانے والے سفاک عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اوردہشت گردی کے اس بڑھتے ہوئے عفریت پر قابوپانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔