24 اکتوبر ، 2014
بارسلونا.......شفقت علی رضا........اسپین کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ’’خیسوس پوسادا‘‘ اور ہسپانوی وزیرخارجہ گارسیا مارگیو کی دعوت پر قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق،پاکستانی پارلیمانی وفد کےہمراہ 2نومبر کو اسپین کے دارلحکومت میڈرڈ پہنچیں گے ۔ اس موقع پردونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری ،پارلیمانی قوانین اور طریقہ کارکا جائزہ اور آپس میں مثالی روابط قائم کرنے جیسے معاملات پر گفتگو ہوگی ۔پاکستان سے آنے والے اس پارلیمانی وفد میں اے این پی کےرکن قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ کے پی کے امیر حیدر خان ہوتی ، خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی کی ایم این اے مسرت احمد زیب ،لاہور کے حلقہ این اے 130سے رکن قومی اسمبلی سہیل شوکت بٹ اور سندھ سے تعلق رکھنے والےرکن قومی اسمبلی نذیر احمد بوگھیو شامل ہیں ۔وفد اسپین کی قومی اسمبلی کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری شخصیات اورہسپانوی تاجر برادری سے ملاقاتیں کرے گا ۔اسپین میں پاکستانی رفعت مہدی نے بتایا کہ اسپین اور پاکستان کے تعلقات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک نے کسی بھی معاملے میں ایک دوسرے کی مخالفت نہیں کی، پاکستانی کمیونٹی اسپین کے مختلف شہروں میں آباد ہیں اورہسپانوی کمیونٹی کے ساتھ ہم آہنگی رکھتی ہے دونوں ممالک کی ثقافتبھیملتی ہے، اس لئے ایسے دورے دونوں ممالک کی ترقی اورتجارتی تعلقات میں بڑھوتری کا سبب بن سکتے ہیں ۔دریں اثنا مسلم لیگ ن اسپین کے صدر میاں محمد اظہر اور جوائنٹ سیکرٹری نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک وفد کی صورت میں اسپیکر سردار ایاز صادق اور ان کے وفدسے مل کر انہیں اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حل طلب مسائل سے آگاہ کریں گے ۔ سردار ایاز صادق کا پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کا بھی قوی امکان ہے ۔