24 اکتوبر ، 2014
لندن… متحدہ قومی موومنٹ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں اتوار 26 اکتوبرکو لندن میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے ہونے والے پرامن ملین مارچ کی مکمل حمایت کااعلان کیاہے۔ اس ملین مارچ کی قیادت سابق وزیراعظم آزادکشمیربیرسٹرسلطان محمود چوہدری کریں گے۔بیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے اس ملین مارچ کے سلسلے میں لندن میں ایم کیوایم کی قیادت سے رابطہ کیاتھااورکشمیرکاذ کے لئے اس مارچ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ان کی دعوت کوقبول کرتے ہوئے لندن اوربرطانیہ کے دیگر شہروں میں آبادایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں سے کہاہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے اتوار26 اکتوبرکوہونے والے اس مارچ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں اورمظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہارکریں۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفیٰ عزیزآبادی کی سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمودچوہدری سے فون پر گفتگوہوئی ۔انہوں نے سلطان محمودچوہدری کو رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔بیرسٹرسلطان محمودچوہدری نے ملین مارچ کی حمایت اوراس میں شرکت کے فیصلے پر الطاف حسین اورپوری قیادت کاشکریہ اداکیا۔