29 اکتوبر ، 2014
پشاور...... جے یو آئی ف کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ واضح کرے کہ وہ کسی تحریک کے پیچھے نہیں جبکہ فوج کو سیاست میں نہ الجھایا جائے۔پشاورمیں میڈیا سے بات چیت اور قبائلی جرگے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فوج کو سیاست میں نہ الجھایا جائے اور وہ اسی کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ ان کا کہناتھا کہ ملک میں مسلح جنگ لڑنا نہیں چاہتا ۔مجھ پر حملہ ہوا تاہم فوج نے ہمدردی کا اظہار نہیں کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ واضح کرے کہ وہ کسی تحریک کے پیچھے نہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو میرے ساتھ بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔عمران خان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مولاناکا کہناتھا کہ خان صاحب کا مستقبل تاریک انصاف ہے اور ملک میں کوئی مڈ ٹرم انتخابات نہیں ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ جلد ملکی قیادت اور سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے ان کو اس بات پر آمادہ کریں گے کہ وہ قبائلی عوام کے سروں پر ہاتھ رکھیں۔ مولانا نے الزام عائد کیا کہ اسلامک یونی ورسٹی اسلام آباد میں اسرائیل کا ثقافتی میلہ سجایا گیا۔ یونی ورسٹی کی ڈین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے کلیئر علاقوں میں آئی ڈی پیز کو واپس بھیجا جائے۔