22 اپریل ، 2012
پشاور…پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اسکولوں کے قریب دھماکے ہوئے جن سے اسکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابقپشاورکے نواحی علاقے متھرا میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک اور پرائمری اسکول کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔پولیس نے ایک بم کو ناکارہ بنادیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے پہلے سے اسکول کی عمارت کے قریب بارودی مواد کو دو جگہوں پرنصب کیا تھا۔ جوعلی الصبح دھماکے سے اڑگیا جس سے پرائمری اسکول کی عمارت تباہ ہوگئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کے قریب دوسری جگہ رکھے جانے والے بارودی مواد کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دریں اثناء ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اسکول کو بارودی مواد کا دھماکا کرکے اڑا دیاگیا۔ لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ایک بم کو ناکارہ بنادیاگیا۔پولیس کے مطابق ڈیرہ ٹاوٴن شپ میں رات گئے سرکاری مڈل اسکول کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑا دیا۔ جس سے اسکول کی چھت گر گئی اور تین کمرے مکمل تباہ ہوگئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہواجبکہ دوسرے بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔ بم ڈسپوزبل اسکواڈ کے انچارج عنایت اللہ کے مطابق بم 18 کلو گرام وزنی تھا۔واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔