پاکستان
30 اکتوبر ، 2014

کھیل و ثقافت کو فروغ دیکر خطے کی ترقی ممکن ہے، حیدر عباس رضوی

کھیل و ثقافت کو فروغ دیکر خطے کی ترقی ممکن ہے، حیدر عباس رضوی

کراچی......میانمار سیپک تاکر اور چن لون فیڈریشن کے صدر و میانمار کے قومی کوچ مسٹر لون نے میانمار کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں مسٹر کینگ زو اور مسٹر نندا کیو اور دیگر پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیر و کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی اور سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئر فرحت خان نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں الطاف حسین کی جانب سے خوش آمدید کہا۔وفد میں سیپک تاکر اینڈ چن لون فیڈریشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل نوشاد احمد خان،سیپک تاکر اینڈ چن لون فیڈریشن سندھ کے صدر شبیر احمد ، کراچی کے سیکریٹری سید اسرار الحسن عابدی، قومی ٹیم کے کوچ ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ،کھلاڑی کاشف ظہیر اور سید عبد الباسط بھی شامل تھے ۔ اس موقع پر سید حیدر عباس رضوی نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جارہا ہے لیکن کھیل و ثقافت ایک ایسا میدان ہے جہاں دیگر ممالک سے باہمی تعلقات کو فروغ دیکر آپس میں اختلافات کا خاتمہ اور خطے کو ترقی کی راہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کراچی کے سیکٹر انچارجز نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے ایم کیوایم پر بلاجواز ،جھوٹے الزامات عائد کرنے اور حقائق کے برخلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جماعت اسلامی اور اس کے رہنما ابھی تک کراچی کے عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے زخم چاٹ رہے ہیں اور ایم کیوایم کے خلاف زہر اگل کر دراصل اپنے زخموں پر مرہم رکھنے کا عمل کیاجاتا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں ایم کیوایم کے چاہنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جو جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور وہ وہی برسوں پرانے ، جھوٹے اور گھسے پٹے الزامات لگا کر اپنی منافقانہ سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔کراچی میں ہر واقعہ اور جرم کا الزام ایم کیوایم پر عائد کرنا جماعت اسلامی ہی نہیں بلکہ نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنا فرض اور شعار بنا رکھا ہے ۔شفاف انتخابات میں ایم کیوایم کی شکست کے خواب دیکھنے والے خود صدی کا سب سے بڑا جھوٹ بول رہے ہیں ۔اور جماعت اسلامی پر کراچی کے عوام کو ہنسنے کا موقع فراہم کررہے ہیں ۔ سیکٹر انچارجز نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دلوں سے ایم کیوایم کے خلاف ازلی دشمنی کو نکالیں،اور ایم کیو ایم پر جھوٹے الزامات لگانے کے بجائے عالمی اور خطرناک دہشت گردوں کا ساتھ چھوڑدیں اور پاک فوج کے ساتھ ملکر ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔اوردہشت گردوں کی پشت پر کھڑے ہوکر ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کا ملک دشمن عمل بند کرے ۔

مزید خبریں :