کھیل
02 نومبر ، 2014

پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کردی، آسٹریلیا کو جیت کیلئے 603رنز کا ہدف

پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کردی، آسٹریلیا کو جیت کیلئے 603رنز کا ہدف

ابوظہبی.......ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 293رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی، اس طرح آسٹریلیا کو جیت کیلئے 603رنز کا مشکل ہدف ملا ہے۔کپتان مصباح الحق نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے نا صرف ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا بلکہ تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔مصباح الحق اور اظہر علی نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نےآج 61رنز دو کھلاڑی آئوٹ سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب یونس خان 46رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کپتان مصباح الحق نے بوم بوم اننگز کھیلتے ہوئے چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی اور کئی ریکارڈ ز اپنے نام کرلیے۔ پہلے انہوں نے 21گیندوں پر ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا جیک کیلس کا ریکارڈ توڑا ، اس کے بعدبھی وہ نہ رکے اور تیز ترین سنچری کا ویوین رچرڈز کا 28سالہ ریکارڈ برابر کردیا۔مصباح نے 56گیندوں پر11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔ ویوین رچرڈنے 1986ء میں انگلینڈ کے خلاف 56گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی ۔ مصباح الحق نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی تھی، اس طرح وہ ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے آٹھویں پاکستانی کرکٹربن گئے۔اس سے قبل حنیف محمد، جاوید میانداد، وجاہت اللہ واسطی، یاسر حمید، انضمام الحق ، محمد یوسف اور یونس خان بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔دوسری جانب اظہر علی نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصباح الحق کا بھرپور ساتھ اور ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی سنچری بنا ڈالی۔وہ ٹیسٹ کرکٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے نویں پاکستانی کرکٹر بن گئے۔پاکستان نے کھانے کے وقفے کے بعد 293رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی، اس طرح آسٹریلیا کو ٹیسٹ میں فتح کیلئے 603رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :