پاکستان
22 اپریل ، 2012

مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش قبول نہیں کرینگے، یاسین ملک

مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش قبول نہیں کرینگے، یاسین ملک

لاہور … جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش کو کشمیری عوام قبول نہیں کریں گے، پاکستان، بھارت اور بین الااقومی برادی مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ یاسین ملک منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات سے ہمیں اختلاف نہیں، لیکن اس طرح محسوس ہورہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو جان بوجھ کر سردخانے میں ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ضائع کیے بغیر پاکستان اور بھارت کشمیریوں کو مذاکراتی عمل میں شریک کریں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی شہہ رگ کیلئے لڑرہے ہیں لیکن واضح طور پر محسوس ہورہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت ہونے کی دعویدار حکومت اور کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال رہے ہیں۔

مزید خبریں :