پاکستان
04 نومبر ، 2014

یوم عاشور پر مختلف شہروں میں شبیہ علم اورذوالجناح کےجلوس

یوم عاشور پر مختلف شہروں میں شبیہ علم اورذوالجناح کےجلوس

کراچی...... یومِ عاشور پر شہدائے کربلا کی یاد میں ملک کے مختلف شہروں میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہیں۔ عزاداران سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کررہے ہیں۔کراچی میں 10 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں برپا ہوئی ، جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پرسیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔جلوس کی گزرگاہ پر گاڑیاں پارک کرنے پر پابندی ہے، صرف خصوصی طور پرحاصل کئے جانے والے پاسز والی گاڑیاں،پولیس ورینجرز موبائلز ،ایمبولینس،میڈیا کوریج کرنے والی گاڑیاں اور لنگر اور تبرکات تقسیم کرنے والے ٹرکس کو اجازت ہے۔مرکزی جلوس کے روٹ ایم اے جناح روڈ کو ملانے والی تمام گلیاں 8 محرم الحرام سے ہی کنٹینر لگاکر بند کردی گئی ہیں،جبکہ پولیس اور رینجرز کے اضافی اہلکار بھی تعینات ہیں۔ بلند عمارتوں کی چھتوں پر بھی ماہر نشانہ باز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے،جلوس کے راستوں کی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی کی جاری ہے،جلوس کے داخلی راستوں پر آنےوالوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے اور جلوس کے روٹ پر واک تھروگیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔وارڈنز اورلیڈی وارڈنز بھی جلوس روٹ پرتعینات ہیں۔پشاور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارہ گاہ آغہ سید علی شاہ رضوی مینا بازار سے گیارہ بجے برآمد ہوا۔ مجموعی طور پر شہر میں یوم عاشورہ کے گیارہ ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر اندرون شہر سیل ہے، جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے ۔ چھ ہزار کے قریب پولیس اور ایف سی اہلکار جلوسوں کی حفاظت پر مامورہیں ۔ جلوسوں کی خفیہ کیمروں کے ذریعہ نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ یوم عاشور کےجلوس نماز مغرب کے وقت اختتام پذیر ہوں گے، جس کے بعد مجالس شام غریباں منعقد کی جائیں گی۔ کوئٹہ میں عاشورہ محرم کامرکزی جلوس شہداء چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوا،جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا آج شام تقریبا ساڑھے پانچ بجے علمدار روڈ پر اختتام پزیر ہوگا۔مرکزی جلوس میں شہر کے مختلف علاقوں اور انجمنوں کےماتمی دستے شامل ہیں جبکہ اس کی قیادت صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس سید محمد داود آغا ، شیعہ علماء اور دیگر عمائدین کررہے ہیں۔عاشورہ محرم کے جلوس کی سکیورٹی کے پیش نظر جلوس کےراستےاور ملحقہ سڑکیں و گلیاں عام ٹریفک کے لئے بند کردی گئیں، جبکہ جلوس کے راستے پر تمام دکانیں، مارکیٹ اور کاروباری مراکز بند، دکانیں سیل کردی گئیں۔جلوس کےروٹ اور مختلف مقامات پرسات ہزار سے زائد پولیس، ایف سی و دیگر قانون نافذکرنےوالےاداروں کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور راستوں اور ملحقہ علاقوں کی ہیلی کاپٹر سے مسلسل فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :