پاکستان
06 نومبر ، 2014

اسپین : کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کا اجراء جلد شروع کیا جائے ،پاکستانی کمیونٹی

اسپین : کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کا اجراء جلد شروع کیا جائے ،پاکستانی کمیونٹی

بارسلونا.......شفقت علی رضا......اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی لگ بھگ ایک لاکھ تعداد میں سے 60فیصد پاکستانی اپنی فیملیز کے ساتھ بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں آباد ہیں۔پاکستانی کمیونٹی کو چند سال پہلے تک اپنے پاسپورٹ کے تمام معاملات کے لئے سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ جانا پڑتا تھا۔ پاسپورٹ کے ان مسائل کو دیکھتے ہوئے سات سال پہلے بارسلونا میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کا قیام عمل میں آیا لیکن حکومت پاکستان کی جانب سے ابھی تک بارسلونا میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ بنائے جانے کا عمل شروع نہیں کیا جا سکا جبکہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ مشینری کی انسٹالیشن قونصلیٹ آفس میںکافی مہینوں سے ہو چکی ہے۔یاد رہے کہ رواں سال اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے فریضہ حج سے بھی محروم رہی کیو نکہ سعودی حکام نے پاکستانی مینوئل پاسپورٹ پر ویزوں کا اجراء نہیں کیاتھا۔ اسی طرح اسپین میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی اپنا بزنس بڑھانے کے لئے دبئی کا ویزہ بھی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے ذریعے ہی حاصل کر سکتی ہے۔ تین ماہ سے سفارت خانہ میڈریڈ میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجراء شروع ہو چکا ہے لیکن بارسلونا سے میڈریڈ جانے کا سفر طویل ہونے کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ قونصلیٹ آفس بارسلونا میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء جلد شروع کیا جائے۔قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کے حوالے سے روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈی جی پاسپورٹ اسلام آباد آفس بات کر لی ہے،وہاں سے کہا گیا ہے کہ جلد ہی پاسپورٹ مشینری کے ایکسپرٹ بارسلونا تعینات کر دیئے جائیں گے جس سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء جلد ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ایکسپرٹس کی پاکستان سے بارسلونا کے لئے سلیکشن ہو چکی ہے، اب ان کی آمد کا انتظار ہے جونہی وہ منتخب شدہ ملازمین اسپین ایمبیسی اسلام آبادسے کلیئر ہو کر بارسلونا آئیں گے، اسی دن سے کمپیوٹرئزاڈ پاسپورٹ کے اجراء کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ قونصلیٹ آفس بارسلونا میں مینوئل پاسپورٹ کی نئی کاپیاں پی آئی اے کے ذریعے یورپ کے لئے کارگو کی ترسیل پر پابندی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں اس لئے ارجنٹ پاسپورٹ کی بجائے آرڈنری پاسپورٹ ہی اشو کئے جا رہے ہیں۔کمیونٹی نے حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ مینوئل پاسپورٹ کی نئی کاپیاں جلد بھجوائی جائیں تاکہ ارجنٹ پاسپورٹ حاصل کئے جا سکیں۔

مزید خبریں :