22 اپریل ، 2012
ڈھاکا … پاکستان کے خلاف سیریز تو منسوخ ہوگئی جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ سے سیریز کھیلنے کی درخواست کی ہے۔ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ ساوٴتھ افریقہ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو جیکس فال نے بتایا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفی کمال نے پچھلے ہفتے کرکٹ ساوٴتھ افریقہ کے صدر ولی بیسن سے بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کرانے کی درخواست کی ہے۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ وہ ہر حال میں اس سیریز کے انعقاد کے خواہشمند ہیں چاہے اس کا انعقاد بنگلہ دیش میں ہو یا جنوبی افریقہ میں ، جیکس فال کے مطابق بورڈ اس درخواست پر غور کررہا ہے۔