09 نومبر ، 2014
ابوظبی........ نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے85رنز بنالیے۔ محمد حفیظ45 اور احمدشہزاد40رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میںکپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔اوپنرز نے کھیل کے پہلے سیشن میں پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی بالرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور کھانے کے وقفے پر بغیر وکٹ گنوائے85رنز بنالیے۔ابوطبی ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ نئی سیریز ہے، جسے جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کامورال بلند ہے۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک20 دو طرفہ سیریز ہوچکی ہیں ، جس میں13 پاکستان نے جیتی ہیں جبکہ کیویز صرف دو ہی سیریز جیت سکے ۔ نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ1985 میں پاکستان سے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی ۔50ٹیسٹ میں سے پاکستان نے23 جبکہ نیوزی لینڈ نے صرف 7 میں کامیابی حاصل کی، ان میں سے پانچ نیوزی لینڈ نے ہوم گراونڈ پر ہی جیتے ۔ دونوں کے درمیان آخری10 ٹیسٹ میں سے پاکستان نے 5 جیتے جبکہ 3 ڈرا ہوئے، 2 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ۔انفرادی کارکردگی میں پاکستان کے جاوید میانداد 18 میچز میں 1119رنز بناکر دونوں جانب سے ٹاپ اسکورر ہیں۔ قومی ٹیم کے موجودہ کوچ وقار یونس 70وکٹوں کے ساتھ لیڈنگ وکٹ ٹیکر ہیں۔