کھیل
13 نومبر ، 2014

فتوحات کا سلسلہ جاری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو248سےہرادیا

فتوحات کا سلسلہ جاری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو248سےہرادیا

فتوحات کا سلسلہ جاری، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو248سےہرادیا
ابوظبی......ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو248رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ اس فتح کے ساتھ کپتان مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان بن گئے۔ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 566رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔احمد شہزاد 176،مصباح الحق 102اوریونس خان 100رنز بناکر نمایاں رہے۔اینڈرسن نے دو اور سائوتھی نے ایک وکٹ لی۔جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 262رنز بناسکی، لیتھم نے 103رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ راحت علی نے 4اور ذوالفقار بابر نے 3وکٹیں حاصل کیں۔یوں کیوی ٹیم کو فالوآن کا سامنا کرنا پڑا،لیکن کپتان مصباح الحق نے فالوآن کرانے کے بجائے دوسری اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستانی بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ پرفارمنس دی اورصرف دو وکٹوں کے نقصان پر175رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 480رنز کا مشکل ہدف ملا۔پاکستان کی دوسری اننگز میں محمد حفیظ نے 101رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی دوسری اننگزبھی مایوس کن رہی ،ٹارگٹ کے حصول کیلئے کسی ایک بڑی انفرادی اننگز کی ضرورت تھی لیکن کوئی بھی کیوی بیٹسمین نصف سنچری تک اسکور نہ کرسکا اور یوں پوری ٹیم231رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے ابوظبی ٹیسٹ248 رنز سے جیت لیا۔یاسر شاہ نے تین جبکہ راحت علی، عمران خان اور ذوالفقار بابر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔عمدہ بالنگ پرفارمنس پر راحت علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔راحت علی نے میچ میں مجموعی طور پر 6وکٹیں حاصل کیں۔ مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے یہ 15واں ٹیسٹ جیتا ہے، اس کے ساتھ ہی مصباح پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بن گئے، عمران خان اور جاوید میانداد نے بحیثیت کپتان 14،14ٹیسٹ میںکامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 51ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان نے 24جبکہ نیوزی لینڈ نے صرف سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا اگلا میچ 17نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :