16 نومبر ، 2014
کراچی........ سابق صدر آصف زرداری نے ہاشو گروپ کے چیئرمین صدرالدین ہاشوانی کو ان کی کتاب پر ایک ارب ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 14 روز میں کتاب کو دکانوں سے واپس نہ اٹھایا گیا تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف علی زرداری کی جانب سے صدر الدرین ہاشوانی سمیت دی ٹرتھ آلویز پریویلز ( The Truth Always Prevails ) کتاب کے بھارتی پبلشر کو بھی قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صدر الدین ہاشوانی کی کتاب آصف زرداری کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ۔بغیر تحقیق اور تصدیق کے ایسے بیانات دیے گئے جو غیر ذمے داری اور در پردہ مقاصد کی نشان دہی کرتے ہیں۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ صدرالدین ہاشوانی اور پبلشر کو ایک ارب روپے کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا گیا، ہرجانے کی رقم کسی خیراتی ادارے کو دی جائے گی۔