16 نومبر ، 2014
کراچی.....شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر.......پاکستان نے ساف ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کے گروپ کے آخری میچ میں بھوٹان کو 4-1 سے زیر کرکے گزشتہ ایک ماہ میں اپنی مسلسل پانج شکستوں کے بعد پہلی فتح حاصل کرلی۔ پانچوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔ ایونٹ میں سری لنکا اور نیپال سے ہارنے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔ گروپ کے دوسرے میچ میں نیپال نے سری لنکا کو 3-0 کی شکست دیکر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ سری لنکا کی ٹیم دوسرے، پاکستانی ٹیم تیسرے اور بھوٹان کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام اسلام آباد کے جناح فٹ بال اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ کے گروپ بی میں پاکستان اور بھوٹان کے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ چیمپئن شپ میں پیر کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت کا مقابلہ افغانستان سے دن گیارہ بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ بنگلہ دیش اور مالدیپ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔