17 نومبر ، 2014
ٹورنٹو......پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 270 کروڑ روپے کی بات انھوں نے بھی کی تھی ۔مگر اس کا دھرنوں سے کوئی تعلق نہیں ۔عمران خان ہی اسکا جواب دے سکتے ہیں ۔ لاہور پہنچ رہا ہوں ، حکومت نے گرفتار کرنا ہے تو کرلے ۔ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لندن روانگی سے پہلے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں طاہرالقادری نے کہاکہ پاسپورٹ کی تجدید کے لیے دھرنا ختم کرنے کا الزام بے بنیاد ہے ۔ طاہرالقادری نے کہاکہ270 کروڑ روپے دینے کی بات میں نے بھی کی مگر یہ نہیں کہا تھا کہ پیسے دھرنے ناکام کرنے کے لیے دیئے گئے ۔ عمران خان نےیہ بات کی ۔وہی اس کا جواب دے سکتے ہیں ۔عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ 20 نومبر کو پاکستان پہنچ رہا ہوں۔ حکومت نے گرفتار کرنا ہے تو یہ شوق بھی پورا کرلے۔ اس سے پہلے بھی کئی بار وانٹ جاری ہوچکے ہیں۔ حکومت آج تک تو کبھی گرفتار نہیں کرسکی۔