17 نومبر ، 2014
تھرپارکر.......تھرپارکر میں غذائی قلت کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔خشک سالی سے متاثرہ ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث بچوں کی اموات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے ،آج مزید 6 بچے دم توڑ گئے ہیں ۔ رات سے اب تک مرنےوالے کی تعداد 10 ہوگئی ۔تھر میں بچوں کی جانیں جانےکا سلسلہ نہ تھم سکا۔ رات سے اب تک سات معصوم اللہ کو پیارے ہوگئے ، ان میں کئی ایسی کلیاں ہیں جو بن کھلے ہی مرجھا گئیں ۔سول اسپتال مٹھی میں پانچ اور دس دن کے دو بچے انتقال کرگئے ۔ تحصیل چھاچھرو کے گاؤں میں غذائی قلت کے باعث بیمار 8 ماہ کا بچہ دم توڑ گیا۔ گذشتہ رات سول اسپتال مٹھی میں زیر علاج 6ماہ اور 13 ماہ کے دو بچوں کا انتقال ہوا تھا۔ ،چھاچھرو کے نواحی گاوں میں 6 ماہ کی بچی اور 12 سال کا بچہ بھی زندگی کی بازی ہار گیاتھا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل بھرگڑی کا کہنا ہے کہ اموات کی وجہ غذائی قلت ،قبل از وقت پیدائش اور وزن کی کمی ہے۔تھرکے سرکاری اسپتالوں میں غذائی قلت اور اس سے ہونےوالی بیماریوں کے باعث 2011سے اب تک 1608بچے جاں بحق ہو چکے ہیں ۔