24 اپریل ، 2012
دمشق… شام میں عالمی فوجی مبصرین کی موجودگی کے باوجود شامی فوج نے فائرنگ کرکے 28شہریوں کو قتل کردیا ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شام کے مرکزی شہر حماة میں سرکاری فوج نے فائرنگ کرکے28عام شہریوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2درجن سے زائد افرادزخمی بھی ہوئے ہیں۔ شہریوں کے قتل عام کا یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے دارالحکومت دمشق کے قریب مظاہروں کے مراکز کا دورہ کیا اورمظاہرین سے ملاقاتیں کیں جبکہ یورپی اتحاد کے مرکز برسلزاور امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی جانب سے شام پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے ہزاروں مظاہرین سے ملاقات کی ہے جو شامی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کررہے تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے شام کی آزادی کے جھنڈے بھی اٹھارکھے تھے۔