پاکستان
24 اپریل ، 2012

گیاری :ریسکیو آپریشن کا 18واں روز،دو نئے مقامات پر کھدائی

گیاری :ریسکیو آپریشن کا 18واں روز،دو نئے مقامات پر کھدائی

اسکردو… گیاری میں برف تلے دبے فوجیوں کو نکالنے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اٹھارہویں دن بھی جاری ہے۔ ریڈارز سے نشاندہی کے بعد مزید دو مقامات پر کھدائی شروع کردی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید سردی اور دیگر موسمی دشواریوں کے باوجود گیاری میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دن رات جاری ہے اور اب تک برف کے تودے میں 17 لاکھ مربع فٹ کھدائی کی جاچکی ہے۔ خراب موسم سے مشینوں کا کام متاثر ہورہا ہے۔ تاہم مشینری کے لیے پلیٹ فارمز کو مزید مضبوط بنادیا گیا ہے۔ ناروے کی امدادی ٹیم ضروری تکنیکی معلومات کی فراہمی کے بعد گیاری سے واپس اسلام آباد پہنچ گئی۔ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں سات اپریل کو پاک فوج کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر برف کا تودہ آگرا تھا جس میں پاک آرمی کے جوان اور سویلین اہلکار دب گئے تھے۔ برف کا تودہ گرنے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چند روز پہلے جوانوں کے زیر استعمال رہنے والی کچھ اشیا متاثرہ مقام سے چھ سو میٹر دور ملی تھیں۔ پوری قوم گیاری میں انتہائی مشکل حالات میں وطن کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دینے والے جوانوں کی سلامتی کیلئے دعاگو ہے۔

مزید خبریں :