25 نومبر ، 2014
لندن ......برٹش کراؤن پراسیکیوشن سروس کے ترجمان نے کہا ہے کہ الطاف حسین اوردیگر افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات جاری ہیں، ترجمان نے مزید کہاکہ تفتیش جاری ہے، مقدمے سے متعلق کوئی رائے نہیں دی جاسکتی، برٹش کراؤن پراسیکیوشن سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے کے لیے نہیں کہا، دسمبر میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کیس کو ختم کرنا ہے یا نہیں اور فیصلہ کیا جائے گا کہ ملزمان کی ضمانت میں توسیع کی جائے یا فرد جرم عائد کی جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سی پی ایس نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کو منی لانڈرنگ کیس ختم کرنے کیلیے نہیں کہا۔ دریں اثنا ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور عمران فاروق قتل کیسز کی تحقیقات جاری ہیں، منی لانڈرنگ کیس میں تینوں ملزمان دسمبر تک ضمانت پر ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ ترجمان نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ملزمان کو پکڑنے کیلیے پُرعزم ہیں۔