26 نومبر ، 2014
کراچی..........جیو فلمز کی پیشکش فلم دختر نے ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں 2 ایوارڈ حاصل کرلیے۔ فلم دختر کہانی ہے ایک بہادر ماں اور اس کی دس سالہ بیٹی کی، جو فرسودہ روایات سے لڑتی ہیں اور اس کے لیے انہیں اپنے علاقے سے بھی بے دخل ہونا پڑتا ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ اور دیگر بالائی علاقہ جات کے خوبصورت مناظر میں فلمائی گئی اس فلم کو شاندار میوزک اور جاندار اداکاری کی وجہ سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ ستمبر میں جیو فلمز کے تحت ریلیز کی گئی فلم دختر نے تازہ ترین کامیابی نیویارک میں ساؤتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں حاصل کی جہاں اسے بہترین ڈائریکٹر اور آڈینس ایوارڈ برائے بہترین فیچر فلم کے ایوارڈ دیے گئے۔ ہدایت کارہ عافیہ نتھینیل کے اس شاہ کار میں مرکزی کردار سمیعہ ممتاز اور محب مرزا نے ادا کیے ہیں۔ فلم دختر اس سے پہلے بھی عالمی سطح پر کئی ایوارڈ حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کرچکی ہے۔