27 نومبر ، 2014
ڈیلس....راجہ زاہد اختر خانزادہ.....امریکا میں غیر سرکاری تنظیم ٹو گیدر کی جانب سے امریکا کے قومی تہوار تھینکس گیون ڈے کے موقع پر ریاست ٹیکساس میں بین المذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیئے گئے ،امریکی کانگریس میں24سال سے مسلسل منتخب ہونے والی سینئررکن ایڈی برنس جانسن تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے یہ ایوارڈ تقسیم کئے۔ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ٹیکساس کے جنگ اور جیو ٹی وی کے نمائندہ خصوصی زاہد اختر خانزادہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنا یہ ایوارڈ اپنی والدہ کے نام کیا،زاہد خانزادہ کی والدہ نے ہی مہمان خصوصی سے ایوارڈ وصول کیا،اس کے علاوہ جن شخصیات نے ایوارڈ حاصل کئے ان میںاسلامک کیئر کی امینہ رب،ڈی ایف ڈبلیو انٹرنیشنل کی راہنما این میری وینس اور اٹارنی سینٹ چیری شامل ہیں۔اس موقع پر ایڈی برنس جانسن نے ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہا کہ امریکا میں یہ تہوار اظہار تشکر کے طور پر منایا جا تاہے ،مجھے بڑی خوشی ہے کہ کمیونٹی کے ان شخصیات کو اعزاز دینے کےلئے تھینکس گیون ڈے کا انتخاب کیا گیا ۔آج بین المذاہب کے افراد ایک ساتھ مل کر امریکا میں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہو ئے یہ دن منارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم محبت کرکے ہی ایک دوسرے کے دل جیت سکتے ہیں، اپنی مثال دیتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ وہ حادثاتی طور پر کانگریس تک پہنچیں جبکہ ان کے پاس انتخاب کےلئے فیس تک کے پیسے نہیں تھے تاہم کمیونٹی کے افراد نے چندہ کرکے کانگریس تک پہنچایا اور ایسی محبت دی کہ میری خدمات24سالوں سے جا ری ہیں۔اس موقع پر گیٹ ٹوگیدر کے چیئر مین اور تقریب کے میزبان مائیک غوث بھی موجود تھے۔تقریب میں ڈیلس کے معروف شاعر سید یونس اعجاز نے راجہ زاہد اختر خانزادہ کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کےلئے ایک نظم بھی پیش کی جو النور انٹرنیشنل کے بانی چیئر مین نور امروہوی نےپڑھ کر سنائی۔سید یونس اعجاز پاکستان میں ہیں جس کی وجہ وہ تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔