01 دسمبر ، 2014
کوئٹہ .......صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کی بڑی کاروائیاں ناکام بنادی گئیں،بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے، صوبے میں حکومت دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملادےگی۔آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد اور آئی جی پولیس محمد عملش کے ہمراہ کوئٹہ کے ایف سی مددگار سنٹر میں پریس بریفنگ میںانہوں نے کہا کہ ایف سی اور حساس اداروں نے کوئٹہ، ژوب اور پنجگور میں کی گئی مختلف کاروائیوں میں بھاری مقدار میں بارودی مواد، مارٹر گولے، راکٹ لانچرز اور اسلحہ برآمد کیا ہے،کاروائیوں میںتقریبا 5ہزارکلو بارودی مواد، بھاری تعداد میں مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، 100سےزائد کلاشنکوفیں ، بڑی تعداد میں پسٹلز اور دیگر اسلحہ برآمد کیاگیا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حساس اداروں، ایف سی اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے،دہشتگردی کےخاتمے کے لئے مشترکہ کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نےامن وامان کے حوالے سے اسمبلی کا اجلاس اس لئےبلایاہے کہ ہم شرپسندوں سے نمٹنےکیلئے روڈ میپ طے کریں، سرحدوں پر سکیورٹی انتہائی ضروری ہے، ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بارڈرز کی ہرممکن سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔داعش کے حوالے سے شہر میں مختلف مقامات پر کی گئی وال چاکنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس تنظیم کا کوئی وجود نہ بلوچستان میں ہے اور نہ پاکستان میں، باقی دیواروں پر زندہ باد، مردہ باد تو وہ بھی لکھ کر دکھا سکتے ہیں ، را اور خاد بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنےمیں ملوث ہیں،اس سے قبل وزیرداخلہ ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد و دیگر حکام نے کاروائیوں میں برآمد اسلحہ و گولہ بارود کا معائنہ کیا۔