01 دسمبر ، 2014
لاہور..........تاجر برادری نے بھی لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں کو بند کرنے کی کال مسترد کر دی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی مسائل سیاسی طریقے سے حل کریں۔ لاہور کے تاجروں اور صنعت کاروں نے عمران خان کی طرف سے کاروبار بند کرنے کی کال پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی کال کو مسترد کرتے ہیں، ملک پہلے ہی معاشی طور پر کمزور ہے، سرمایہ کار آنے کو تیار نہیں، آرڈرز منسوخ ہو رہے ہیں، ایسے میں کاروبار بند کرنا ممکن نہیں،چھوٹے دکان دار کہتے ہیں کہ گاہک پہلے ہی نظر نہیں آتے، آئے روز کی ہڑتالوں، جلوسوں اور دھرنوں نے کاروبار تباہ کر دیا ہے،حکومت کا کہنا ہے کہ دھرنوں نے ملک کو اربوں روپے کا نقصا پہنچایا، اگر ایسے ہی چلتا رہا تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ ملک پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے ایسے موقع پر کاروبار بند کرانے کا اعلان مناسب نہیں، عمران خان کو چاہیئے کہ سیاسی مسئلے کو سڑکوں کی بجائے بات چیت سے حل کریں ایک بار انارکی پھیل گئی تو معاملات سیاست دانوں کے ہاتھ سے بھی نکل جائیں گے۔