03 دسمبر ، 2014
کراچی....شکیل یامین کانگا...... چیئرپرسن ویمنز کمیٹی پاکستان فٹ بال فیڈریشن روبینہ عرفان نے کہا ہے کہ ملک ویمنز فٹ بال کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ویمنز فٹ بال میں کبھی بھی دھڑے بندی یاخود مختاری کی بات نہیں کی، فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کے دور میں ویمنز فٹ بال نے جتنی ترقی کی ہے اتنی کبھی نہیں ہوئی، میرے حوالے سے ویمنز فٹ بال کی خود مختاری دینے کی بات کی جارہی ہو بالکل غلط ہے، فیڈریشن کے صدر پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی مشاورت سے ہی ویمنز فٹ بال کے سارے مسائل حل کئے جاتے ہیں۔ میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ عرفان کا کہنا تھا کہ ساف ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں خواتین فٹ بال کا ایک نیا دور شروع ہونے جارہا ہے۔ اس حوالے سے بہت سی غلط فہمیاں پیدا کرکے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات اور میرے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں تاکہ کھیل متاثر ہو۔ میں نے کبھی بھی اور کسی فورم پر یہ نہیں کہا کہ ویمنز فٹ بال کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن سے علیحدہ کیا جائے۔ ملک میں ہونے والے ایونٹس کی تعداد بڑھانے کے بارے میں بھی صدر سے بات چیت جاری ہے اور کوشش ہوگی کہ چھوٹے بڑے ہر شہر کی کھلاڑیوں کو ایک جگہ جمع کرکے ان میں سے بہترین کھلاڑیوں منتخب کرکے ایک بہترین ٹیم تشکیل دی جائے جو انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرے۔