25 اپریل ، 2012
ریلوے… لاہور ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کا زخمی سات سالہ بچہ اسپتال میں دم توڑ گیا، دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین ہو گئی۔ منگل کی شام لاہور ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں دو افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوئے ۔ ریلوے پولیس کا اہلکار ادریس اور قلی محمد بوٹا موقع پر دم توڑ گئے ،چوالیس زخمیوں کو قریبی میو اسپتال پہنچایا گیا جن میں 7سالہ بچہ محمود آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ سات سالہ محمود کو گہرے زخم آئے تھے ،اس کی ہلاکت کے بعد دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تین ہو گئی۔ خان پور کا کمسن محمود اپنے گھروالوں کے ساتھ لاہور آیا تھا ،واپسی پر وہ اور اس کے گھر والے دھماکے کی زد میں آ گئے ،اس وقت43زخمی میواسپتال، 7گنگا رام جبکہ 3سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں چودہ خواتین اور تین بچے ہیں،،چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔