25 اپریل ، 2012
پشاور… پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اورپنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہاہے کہ وزیراعلی پنجاب ذہنی مریض اورضدی بچے ہیں، کسی کی سنتے ہیں نہ کسی کی مانتے ہیں۔ وہ پشاورمیں اسپیکرخیبرپختونخوااسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی سے ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے۔ راجا ریاض کا کہناتھا کہ عمران خان کے خوف سے وزیراعلی پنجاب نے نوجوانوں کو راغب کرنے کے لئے لیپ ٹاپ دیے جس میں ڈیڑھ ارب روپے کی خردبردکی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں پیپلزپارٹی اوراے این پی کی مخلوط حکومت کامیابی سے چل رہی ہے لیکن پنجاب کی بدقسمتی ہے کہ وہاں گونگابہرہ وزیراعلی ہے جوکسی کی سنتاہے نہ کسی کی مانتاہے۔ راجا ریاض نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے 23محکمے اپنے پاس رکھے ہیں اور وہ ایک ضدی بچے اورمغل شہزادے کی طرح حکومت کرر ہے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیاہے اورکل توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کے متعلق جوبھی فیصلہ سامنے آیا اس پر پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیوکمیٹی غورکرکے لائحہ عمل طے کرے گی۔ ان کا کہناتھا کہ صدرزرداری کے حالیہ دورہ پنچاب نے مسلم لیگ ن کا جنازہ نکال دیاہے اورکئی اہم شخصیات ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔