دنیا
25 اپریل ، 2012

شام میں تشدد ناقابل قبول ہے، کوفی عنان

نیو یارک…شام کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی کوفی عنان نے سکیورٹی کونسل سے کہا ہے کہ 12 اپریل کو ہونے والی جنگ بندی کے باوجود بھی شام میں ناقابلِ قبول حد تک تشدد جاری ہے۔سفارت کاروں کے مطابق کونسل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام کے شہروں سے اقوامِ متحدہ کے معائنہ کاروں کے جانے کے بعد ہونے والا تشدد تشویشناک ہے۔کوفی عنان کا کہنا تھا کہ شام کی مجموعی صورتِ حال عالمی برادری کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ ہما میں مظاہرین پر فائرنگ کی اطلاع اگر درست ہے تو یہ ناقابلِ قبول ہوگا۔شام کے مسئلے پر سکیورٹی کونسل میں اختلافِ رائے ہے مغربی طاقتیں مزید سخت اقدامات پر زور دے رہی ہیں جبکہ دمشق کے اتحادی روس اور چین کا خیال ہے کہ عنان کا چھ نکاتی امن منصوبہ جس پر شام کی حکومت بھی رضامند ہے اس مسئلے کے حل کے لیے کافی ہے۔اس سے قبل عنان کے ترجمان احمد فوزی نے کہا تھا کہ سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شام کی حکومت شہری علاقوں سے بھاری اسلحہ ہٹانے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی تصدیق شدہ خبریں بھی موصول ہوئی ہیں کہ جن لوگوں نے معائنہ کاروں سے ملاقات کی تھی، انہیں سکیورٹی فورسز کی جانب ہراساں اور کچھ واقعات میں ہلاک کیا گیا ہے۔جبکہ شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز مسلح شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں جو علاقے میں شہریوں پر حملے کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :