14 دسمبر ، 2014
پشاور .....امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہتیسری قوت کے پاس مسئلے کا کوئی حل نہیں،سیاسی جماعتوں کے پاس مذاکرات کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں،اگر مذاکرات سے مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کے پاس جانا پڑے گا۔پشاور میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں،اسلامی نظام کی راہ میں مغرب،اشرافیہ، امرا اوربعض دینی حلقے بھی رکاوٹ ہیں،مسلکی اختلافات اپنی جگہ، سب کو ملکرپاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پولیو مہم کو سب سے بڑا نقصان امریکا نے پہنچایا ہے، ہزارہ ڈویژن میں ڈاکٹر شکیل کو ایجنٹ بنا کر جعلی پولیو مہم چلائی گئی،ڈاکٹرشکیل آفریدی اور ان کیساتھ ملوث لوگوں کو بے نقاب کیا جائے،اسلامی نظام قائم ہوا تو 5 مہلک بیماریوں کا علاج ریاست کی ذمے داری ہوگی،یہاں تعلیم کا طبقاتی نظام بناکرقوم کو دانستہ طورپرتقسیم کیا گیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے سوال کیا کہ ملکی نظریے کو ختم کرنے والے دینی علما تھے یا سیاسی رہنما؟۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنا دہشتگردی کا بہت بڑا واقعہ تھا،پاکستان میں مسلح سیاسی اورمعاشی دہشت گردی ہے، قوم کو لوٹنے والے نام نہاد تعلیم یافتہ لوگ ہیں۔