28 دسمبر ، 2014
اسلام آباد ..... اسلام آباد کی سردی میں دھوپ نے اپنا رنگ جمالیا جس کے بعد پارکوں میں عوام کا رش لگ گیا۔گزشتہ ہفتے سردی کی لہر نے اسلام آباد کو بھی اپنی لپیٹ لے لیا، مگر چھٹی کے دن سردی بھی چھٹی پر چلی گئی ، دھوپ نکلی تو ہر کوئی خوشگوار موسم کے مزے لوٹتا نظر آیا۔ وفاقی دارالحکومت میں نرم گرم سورج نے شہر کو دیدار کرا ہی دیا تو سردیوں کی بے کلی سے تنگ لوگ چمکیلی دھوپ کو خوش آمدید کہنے تفریح گاہوں کی جانب نکلے۔چھٹی کا دن ہو اور کھلی دھوپ میں دھیمی دھیمی ٹھنڈ، ایسے میں مل جائے دوستوں کا ساتھ،تو خوش گپیوں کا الگ ہی مزہ ہے ۔ بچوں کو تو جیسے برڈپارک میں مزا ہی آگیا۔ نرم دھوپ میں بچوں کی شرارتیں بھی خوب کھل گئیں ۔پتوں سے چھن کر آتی سنہری دھوپ آنکھوں میں چبھنے کی بجائےدل کو بھلی لگی۔دسمبر ختم ہونے کو ہے اور دوسرے شہروں سے آئے سیاح سنو فال دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں۔سردیوں کی نرم دھوپ میں بیٹھ کر فرصت کے لمحات گزارنا تو سبھی کو بھاتا ہے ،لیکن اسلام آباد کے شہر بے مثال کا حسن چمکیلی دھوپ میں اس قدر نکھر جاتا ہے شہری بستر چھوڑ کر باغوں کا رخ کر لیتے ہیں۔