پاکستان
28 دسمبر ، 2014

سائٹ میں بڑی آتشزدگی سے کسی نے سبق نہ سیکھا

سائٹ میں بڑی آتشزدگی سے کسی نے سبق نہ سیکھا

کراچی .....کراچی کے علاقے سائٹ کی فیکٹری میں ایک بڑی آتش زدگی سے کسی نے سبق نہ سیکھا، کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں کئی ایک اور بڑی آتش زدگی ہوئی ،جس کے نتیجے میں کئی دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں، لکڑی کے کئی گودام جل گئے، کئی قریبی گھر بھی نذر آتش ہو گئے۔ درجنوں گھرانوں کے سر سے چھت چھن گئی،10 گھنٹوں بعد آگ بجھا دی گئی۔کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ کی ٹمبر مارکیٹ میں آگ گذشتہ رات لگی جس پر10 گھنٹوں بعد آج دوپہر قابو پایا جاسکا ۔ لکڑی کے گودام سے شروع ہونے والی آگ نے کئی دوسرے گوداموں اور قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور لوگوں نے بمشکل جانیں بچائیں ،تنگ گلیوں ، پانی کی کمی ، بجلی منقطع ہونے سے آگ بجھانے کے کام میں مشکلات پیش آئیں ۔ اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کو جلتا دیکھ کر لوگ حواس باختہ ہوگئے اور مدد کے لیے پکارتے رہے ۔ فائر برگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچی اور پانی بھی ختم ہوگیا تھا۔اللہ کا واسطہ دیتے یہ لوگ جکومتی امداد کے منتظر رہے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا ،مگر بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔متاثرہ رہائشی عمارتوں کے بہت سے لوگ دوسری جگہوں پر منتقل ہوگئے جبکہ کچھ نے مساجد میں پناہ لی ہوئی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی کی تمام جمع پونجی جل گئی ہے ہمارا خدا کے علاوہ کون پرسان حا ل ہے۔دیر سے ہی کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا تو متاثرین ان پر برس پڑے ، مگر کمشنر کراچی انہیں کوئی تسلی بخش جواب دینے کے بجائے حاضری لگانے کے بعد واپس گھر چلے گئے ۔متاثرین اب تک حکام کی صبح ہونے کے منتظر ہیں ۔فائر بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست تخمینہ لگایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :