04 جنوری ، 2015
کراچی........سرکار دوعالم کی آمد کا جشن منانے والوں میں ننھے منے عاشقان رسول بھی پیش پیش نظر آرہے ہیں، زرق برق کپڑوں میں ملبوس بچوں کی بڑی تعداد نے بھی اپنے والدین کے ہمراہ جلوس میں شرکت کی۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر میں جلسے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے، عاشقان رسول جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر جوش و جذبے سے جشن آمد رسول منا رہے ہیں۔ کراچی میں بھی اس دن کو پرجوش اندازسے منانے کے لئے فیڈرل بی ایریا میں بگھیوں میں بڑوں اور بچوں نے ایک جلوس نکالا، سبز پرچموں اور زرق برق کپڑوں میں ملبوس بچوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے۔ کورنگی روڈ سے علی الصباح نکلنے والے مرکزی جلوس میں بڑوں کے ہمراہ بچوں نے بھی شرکت کی ، شرکا سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور عقیدت کی ترجمانی کررہے تھے۔ بچوں کا کہنا تھا کہ جشن آمد رسول کے موقع پر وہ بہت ذوق شوق سے تیاریاں کرتے ہیں جن میں نئے کپڑے، نذرو نیاز اور جلوس میں شرکت شامل ہے۔ جشن ولادت رسول کے جلوس میں سبز پرچم تھامے، سفید اورسبز لباس زیبِ تن کیے بچے اور بچیاں اپنے والدین کے ہمراہ بہت خوش نظر آئے، جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کورنگی ڈھائی نمبر پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر لوگوں کا جوش و ولولہ دیدنی تھا۔