09 جنوری ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا.........پیرس میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ساری دنیا سراپاء احتجاج ہے ۔سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی سانحہ پیرس کے خلاف بارسلونا کے مرکزی چوک رامبلہ راوال پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں منہاج القرآن سپین،آسے سوپ ایسوسی ایشن ، پاکسلونا ایسوسی ایشن ، کشمیری کمیونٹی ، مسلم لیگ ن سپین ،تحریک انصاف ، پاک فیڈریشن سپین ، کاتالان فیڈریشن ، کاسال پاکستانی ایسوسی ایشن ، ابن بطوطہ ایسوسی ایشن اور دوسری پاکستانی فلاح و بہبود کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ ساتھ سپین کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ممبرز پارلیمنٹ ، امیگریشن ، سوشلسٹ پارٹی اور (CDC) کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی ۔ویلفیئر قونصلر بارسلونا محمد اسلم خان غوری نے حکومت پاکستان کی جانب سے سرکاری طور پر بھیجا گیا تعزیتی پیغام پڑھ کر سنایا۔راجہ شفیق کیانی ، محمد اقبال چوہدری ، محمد شعیب ، خوسے ماریا سالا ، حافظ عبدالرزاق صادق ، میاں عمران ساجد ، طارق رفیق بھٹی ، جاوید اقبال گل، کامران خان اور دوسرے پاکستانیوں نے سانحہ پیرس کے لواحقین کے لئے شمعیں بھی روشن کیں۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد بھی شریک تھی ۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اسلام امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں جب بھی ایسی دہشت گردی ہوتی ہے تو یہاں دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔