22 جنوری ، 2015
ڈیلس........راجہ زاہد اختر خانزادہ........ڈیلس میں ساؤنڈ ویژن فاؤنڈیشن کی جانب سے ’’نفرت اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے رہونبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ‘‘ کے عنوان سے کالی ویل کنونشن سینٹر میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا مقصد امریکی مسلمانوں کیلئے ایک سینٹر کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرنا تھا، مذکورہ سینٹر امریکا میں اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلمانوں کو تعلیم فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ کانفرنس کے انعقاد سے قبل ایک ہزار سے زائد افراد کے مسلمانوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی،جنہوں نے مختلف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن کے ذریعے مسلمانوں سے شدید نفرت کا اظہار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب مسلم نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے بھی ان کے جواب میں پرامن ریلی نکالی۔ اس موقع پر مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکا کے شریک چیئرمین سید فیاض حسن اور ٹیکساس کے صدر آفتاب صدیقی سمیت سینکڑوں مسلمانوں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ مسلمانوں نے جو بینرز اٹھائے ہوئے تھے ان میں تحریر تھا کہ عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام محبت ہے، کسی کے مذہب سے خوفزدہ نہ ہوں اور ان کو نفرت سے نہ دیکھو، مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے اور میں بھی امریکا کا حامی ہوں، مجھے عیسیٰ علیہ السلام سے پیار ہےاور مسلمانوں سے بھی پیار ہے۔ ایک امریکی خاتون کے بینرز پر درج تھا کہ میرا ملک میری حفاظت کرتا ہے اور میرے اظہار آزادی کی حفاظت کرتا ہے۔ کنونشن میں منعقدہ کانفرنس میں مسلم الائنسز امریکا کے رہنما اور نیویارک مسجد کے پیش امام سراج وجیہہ مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر کانفرنس کے منتظم اور ساؤنڈ ویژن فاؤنڈیشن کے صدر عبدالمالک مجاہدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے قبل سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلائی گئی، اسلام امن پسند مذہب ہےاور دہشت گردوں کو کسی طور پر ہمارے مذہب کو ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا بھر کے 1اعشاریہ 7ملین مسلمان بھی اس بات پر متفق ہیں۔اس موقع پر جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں مذہب کو پڑھانے والے پروفیسر جان ایسپونیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا مقصد اسلام کے خلاف نفرت انگیزی اور اسلام دشمن خدشات پر غورو فکر اور بات چیت کرنا ہے تاکہ امریکا بھر میں غورو فکر کیا جائے۔