پاکستان
29 اپریل ، 2012

اسامہ کی ہلاکت کے ایک سال بعد ایبٹ آباد کمپاوٴنڈ پلے گراوٴنڈ بن گیا

اسامہ کی ہلاکت کے ایک سال بعد ایبٹ آباد کمپاوٴنڈ پلے گراوٴنڈ بن گیا

ایبٹ آباد…دنیا کے مطلوب ترین شخص بن لادن کو ماضی کا قصہ بنے سال ہونے کو ہے۔ اسامہ آپریشن کے بعد تحویل میں لیے گئے اس کے اہل خانہ کو برسی سے پہلے ہی سعودی عرب بھجوادیا گیا۔ ایبٹ آباد کا وہ کمپاوٴنڈ جہاں اسامہ اور اس کا یہ خاندان مقیم رہا اب وہاں بچے کھیلتے نظر آتے ہیں۔ دو مئی دو ہزار گیارہ وہ تاریخی دن جب دنیا کو تقسیم کرنے والے واقعے یعنی نائن الیون کا ذمہ دار سمجھا جانے والا شخص اسامہ بن لادن ایبٹ آباد آپریشن میں امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں قتل کردیا گیا۔ ایبٹ آباد کے جس کمپاوٴنڈ میں یہ ڈراپ سین ہوا وہ کئی عرصے سے اسامہ اور اس کے خاندان کا مسکن رہا۔ آپریشن کے بعد یہ قلعہ نما مکان پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ جسے بالآخر اس سال فروری میں مکمل طور پر زمین سے ملادیا گیا۔ کمپاوٴنڈ میں مقیم رہنے والا خاندان تو سعودی عرب جاچکا جسے سعودی حکومت کے مطابق انسانی بنیادوں پر آنے کی اجازت دی گئی۔ اور ان کے سفری انتظامات بن لادن فیملی کی درخواست پر کیے گئے۔مگر جس جگہ کبھی اسامہ کے بیٹے بیٹیاں اور پوتے پوتیاں اچھل کود کرتے تھے وہاں اب ان کے پڑوسی بچے کھیلتے کودتے نظر آتے ہیں۔ سات کنال سے زائد رقبے پر پھیلی یہ اراضی ضلعی حکومت کے حوالے کردی گئی ہے۔ بلال ٹاوٴن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہاں پارک یا اسکول بنادیا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم اور صحت مند تفریح کے مواقع دیے جاسکیں۔

مزید خبریں :