29 اپریل ، 2012
لاہور… عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ محکمہ صحت نے تینوں شہروں کو انتہائی حساس قرار دے کر ان ضلاع میں اضافی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں سیوریج کے پانی کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران لئے گئے ہر نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت پنجاب نے پولیو سے نجات کے لئے ان تینوں اضلاع میں دو اضافی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں 2011 میں 198 پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔ اس برس اب تک پولیو کے 15 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پنجاب میں ایک، سندھ میں دو، خیبرپختونخواہ چار، فاٹا 6 اور بلوچستان میں 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ طبی ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو سے بچاوٴ کے لئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین ضرور پلائیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اس سے بچاو کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کے ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔