29 اپریل ، 2012
چارسدہ…چارسدہ کے تحصیل تنگی کے علاقہ کالج کورونہ میں رشتے کے تنازع پر مخالفین نے فائرنگ کر کے باپ بیٹی کو ہلاک کر دیا۔پولیس اسٹیشن تنگی کے ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ملزمان بھائیوں نے ایک گھر میں گھس کر وزیر نامی شخص اور اسکی بیٹی ناہید کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ ناہید نے پہلے باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے محمد عالم سے شادی کی تھی ایک سال قبل ناہید پہلے شوہر کو چھوڑ کر میکے آئی اور باچہ نامی شخص سے شادی کی جو کہ گھر داماد کے طور پر سسر کے گھر رہائش پزیر تھا۔ اسی بناء پر پہلے شوہر نے اپنے بھائی راز محمد کی مدد سے باپ بیٹی کو قتل کر دیا۔ تنگی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔