پاکستان
29 اپریل ، 2012

لیاری آپریشن:2 پولیس اہلکار شہید، ایک شہری جاں بحق، 2 ملزم ہلاک

لیاری آپریشن:2 پولیس اہلکار شہید، ایک شہری جاں بحق، 2 ملزم ہلاک

کراچی … کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ آج فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید، ایک شہری جاں بحق جبکہ 2 ملزم بھی مارے گئے جبکہ پولیس اہلکاروں، میڈیا کے نمائندوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 3 روز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 24 ہوگئی۔ چیل چوک، کلا کوٹ ، بہار کالونی ، افشانی گلی سمیت لیاری کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف تیسرے روز بھی پولیس کا آپریشن جاری ہے۔ وقفے وقفے سے دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کو جرائم پیشہ عناصر کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ تاہم پولیس اور ایف سی نے کچھ علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اونچی عمارتوں پر مورچے بنالیے ہیں۔ جمن شاہ پلاٹ پر پولیس کی بکتربند پر راکٹ اور دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے بکتر بند کے 2 ٹائر پھٹ گئے تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ چیل چوک کے قریب فائرنگ اور راکٹ حملے میں سی آئی ڈی اہلکار فیاض احمد شہید ہوگیا۔ کلاکوٹ میں پولیس اور مسلح افراد کے مقابلے میں گینگ وار کے 2 مبینہ ملزمان ہلاک ہوگئے۔ چیل چوک کے قریب ہی نامعلوم سمت سے پولیس اور میڈیا کے نمائندوں پر راکٹ فائر کیے گئے جس سے میڈیا کے 2 نمائندوں اور 2 ڈی ایس پیز سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گینگ وار کے سرغنہ ارشد پپو، غفار ذکری یا اکرم بلوچ کی پولیس کی مدد سے لیاری میں داخلے کی اطلاعات منفی پراپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس لیاری کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کا آپریشن کررہی ہے۔ سی آئی ڈی، ایف سی اور علاقہ پولیس کا گینگ وار میں ملوث ملزموں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جمعے کی صبح سے شروع ہونے والا آپریشن تاحال جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کواب بھی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین کراچی میٹرک بورڈ نے لیاری میں نویں جماعت جنرل گروپ ریاضی کا کل ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا ہے۔

مزید خبریں :