29 اپریل ، 2012
اسکردو…سینیٹرز مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان عوام کو مصیبت میں چھوڑ کر سزا یافتہ وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے ہیں،انہوں نے یہ بات پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر پریس کلب اسکردو میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سینٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ شاہراہ قراقرم کے واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے حکمران نااہل اور بدنیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے عوام کو مشکل کی گھڑی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گئی۔ میاں نواز شریف سانحہ قراقرم پر گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ رہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ سانحہ کوہستان اور سانحہ چلاس میں وزیر اعلیٰ کی نااہلی اور بزدلی نے ہمیں پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا۔